غلام محمد
سوپور//سوپور شہر کے رہائشیوں نے انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں کوڑے کے ڈھیر لگاتار جلانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ گھنے سیاہ دھوئیں نے گردو نواح کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زہریلا دھواں نہ صرف ہوا کو آلودہ کرتا ہے بلکہ اس سے صحت خاص طور پر قریبی علاقوں کے بچوں اور بزرگوں کیلئے سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹ کے اندر پھینکے گئے کچرے میں اکثر آگ لگ جاتی ہے، جس سے دم گھٹنے والا دھواں نکلتا ہے جو ملحقہ رہائشی کالونیوں تک پھیل جاتا ہے۔ ایک رہائشی نے کہا’’دھواں ناقابل برداشت ہے۔ ہمارے بچوں کو کھانسی اور سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے اور شام کے وقت جب ہوا پرسکون ہوتی ہے تو صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے‘‘۔متعلقہ شہریوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ کھلے عام جلانے کے بجائے کچرے کے انتظام کے مناسب طریقے اپنائیں ۔عوامی احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور نے مکینوں کو یقین دلایا کہ اس معاملے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کو آگ لگانے میں ملوث افراد کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے طرز عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔دریں اثناء سمال اسکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (SICOP) سوپور کے عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے یہ معاملہ اسٹیٹ کے یونٹ ہولڈروں کے ساتھ اٹھایا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسکریپ، پلاسٹک کا کچرا، پولی تھین، چورا، چمڑے کا فوم اور دیگر فضلہ اٹھا لیا جائے گا اور اسے صنعتی علاقے کے باہر ٹھکانے لگایا جائے گا۔