سرینگر /کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے گورنر انتظامیہ کے اس فیصلہ پر سوموار کو تشویش کا اظہار کیا ،جس میں زکورہ میں سی آر پی ایف کو60کنال انڈسٹریل اراضی منتقل کی گئی ہے۔
کے سی سی آئی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ریاست کی تاجر برادری پہلے ہی زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میںکہا''کے سی سی آئی نے گورنر سے پہلے ہی کہا ہے کہ گورنمنٹ پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ یونٹوں کے زیر قبضہ زمین کو تجارتی مقاصد کیلئے میسر کیا جائے''۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ انتہائی حیران کن تھا جب حکومت نے حال ہی میں اس کے برعکس فیصلہ لیا حالانکہ کافی زمین پہلے ہی فورسز کے قبضے میں پڑی ہے۔
بیان کے مطابق زینہ کوٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کی کم و بیش300کنال اراضی پہلے ہی فورسز کو منتقل کی گئی ہے۔ یہ زمین سابق ہندوستان مشین ٹولز (ایچ ایم ٹی) سے 2017میں واپس حاصل کی گئی تھی۔
بیان میں اعلان کیا گیا کہ گورنر انتظامیہ کے زکورہ میں زمین منتقلی کے فیصلے کیخلاف ضرورت پڑنے پر عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔