سرینگر //زکورہ لین نمبر 2سے مل باغ شاہ ہمدنان کالونی کی سڑک انتہائی خستہ حالت میں ہے جس کے سبب لوگوں کو آمد ورفت کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سڑک کی خستہ حالی کے حوالے سے محکمہ آر اینڈ بی سے رابطہ قائم کیا لیکن سڑک پر تارکول بچھانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا ۔کشمیر عظمیٰ کے آفس پر آکر ایک وفد نے بتایا کہ سڑک پر نہ صرف گردوغبار کے بادل چھائے رہتے ہیں بلکہ کئی ایک جگہوں پر گہرے کھڈے بھی پیدا ہوئے ہیں جن کی وجہ سے عام لوگوں ، مسافروں اور طلاب کو آمد ورفت کے دوران سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیڑھ کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھانے کے حوالے سے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ۔وفد نے بتایا کہ محکمہ آر اینڈ بی نے انہیں یقین دلایا تھا کہ سڑک کے کناروں پر پہلے ڈرین تعمیر کی جائیں گی او ر پھر اُس کے بعد سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا، لیکن اب سرما بھی شروع ہو گیا ہے ،لیکن نہ ہی ڈرین تعمیر ہو سکی اور نہ ہی سڑک پر کہیں تارکول بچھایا گیا ۔وفد نے مزید بتایا کہ سڑک سے اٹھنے والے گردوغبار سے سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا سکولی بچوں کو کرنا پڑتا ہے کیونکہ سڑک پر سکول کی گاڑی کا انتظار کرتے کرتے اُن کی وردی تباہ ہو جاتی ہے ۔