یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی حکومت کی آیوشمان بھارت اور دیگر صحت اسکیموں اور بیٹی بچا ئو بیٹی پڑھا ئو مہم کی وجہ سے زچگی کی شرح اموات اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح عالمی اوسط سے بہتر ہوگئی ہے اور سال 2021 تک ملک میں جنسی تناسب 899 سے بڑھ کر 913 تک پہنچ گیا ہے۔رجسٹرار جنرل آف انڈیا (آر جی آئی)کی سیمپل رجسٹریشن سسٹم (ایس آر ایس)رپورٹ 2021کے مطابق ہندوستان میں ماں اور بچے کی صحت کے اہم اشارے نمایاں طور پر بہتر ہو رہے ہیں۔ ملک میں زچگی کی شرح اموات (ایم ایم آر) میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ 2014-16 میں 130 فی لاکھ پیدائش سے 37پوائنٹس کم ہو کر 2019-21میں 93رہ گئی ہے۔ ملک میں بچوں کی اموات کی شرح (آئی ایم آر)2014میں 39فی 1000پیدائشوں سے کم ہو کر 2021میں 27فی 1000پیدائشوں پر آ گئی ہے۔ نوزائیدہ اموات کی شرح (این ایم آر) 2014میں 26 فی 1000 پیدائشوں سے کم ہو کر 2021 میں فی 1000 پیدائشوں پر 19 ہو گئی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کی شرح اموات (یو فائیو ایم آر) 2014 میں 45 فی 1000 پیدائشوں سے کم ہو کر 2021 میں 31 فی 1000 پیدائشوں پر آ گئی ہے۔ پیدائش کے وقت جنسی تناسب 2014 میں 899 سے بڑھ کر 2021 میں 913 ہو گیا ہے۔ 2021 میں مجموعی طور پر فرٹیلیٹی ریٹ 2.0 پر مستحکم ہے جو 2014 میں 2.3 سے کافی بہتر ہے۔ یہ رپورٹ ہفتہ کو یہاں صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جاری کی۔رپورٹ کے مطابق آٹھ ریاستوں نے پہلے ہی ایم ایم آر کا ایس ڈی جی ہدف حاصل کر لیا ہے۔ یہ کیرالہ (20)، مہاراشٹر (38)، تلنگانہ (45)، آندھرا پردیش (46)، تمل ناڈو (49)، جھارکھنڈ (51)، گجرات (53) اور کرناٹک (63) ہیں۔ بارہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پہلے ہی یو فائیو ایم آر کاایس ڈی جی ہدف حاصل کر چکے ہیں۔ ان میں کیرالہ (8)، دہلی (14)، تمل ناڈو (14)، جموں و کشمیر (16)، مہاراشٹر (16)، مغربی بنگال (20)، کرناٹک (21)، پنجاب (22)، تلنگانہ (22)، ہماچل پردیش (23)، آندھرا پردیش (24) اور گجرات (24) ہیں۔ ان میں سے چھ ریاستیں، کیرالہ (4)، دہلی (8)، تمل ناڈو (9)، مہاراشٹر (11)، جموں و کشمیر (12) اور ہماچل پردیش (12) نے پہلے ہی این ایم آر کاایس ڈی جی ہدف حاصل کر لیا ہے۔ مزید برآں، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے میں ہندوستان کی پیشرفت عالمی اوسط سے زیادہ ہے۔اقوام متحدہ کے انٹر ایجنسی چائلڈ مورالٹی اسسمنٹ گروپ 2024 کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں بچوں کی اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے میں ہندستان سرفہرست کارکردگی دکھانے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ہندوستان میں 1990 سے 2023 کے درمیان پچھلے 33 برسوں میں پانچ سال سے کم عمر کی شرح اموات میں 78 فیصد کمی آئی ہے جبکہ عالمی سطح پر اس میں 61 فیصد کمی آئی ہے۔ عالمی سطح پر نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح 54 فیصد کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہوئی ہے، اور عالمی سطح پر 58 فیصد کے مقابلے میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح میں 71 فیصد کمی آئی ہے۔