عشرت حسین بٹ
منڈی // محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس زون ساتھرہ کے زیر اہتمام زونل سطح کے انٹر اسکول کھیل مقابلے منگل کے روز ہائی اسکول کلانی کے وسیع کھیل میدان میں اختتام پذیر ہو گئے۔ ان تقریبات کی مہمانِ خصوصی زونل ایجوکیشن آفیسر نورین فاطمہ تھیں، جبکہ انچارج ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول کلانی، حمیدہ بیگم نے مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب کے دوران دونوں معزز مہمانوں نے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘کے موضوع پر جذباتی اور بیداری پیدا کرنے والی تقاریر کیں، جن میں طالبات کی تعلیم، خود اعتمادی اور کھیلوں میں شرکت کو سراہا گیا۔ انہوں نے تمام شرکاء کو مستقبل کے لئے نیک تمناؤں سے بھی نوازا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 671 طلباء نے حصہ لیا، جن میں 379 لڑکے اور 292 لڑکیاں شامل تھیں۔ مقابلے انڈر 14 اور انڈر 17 سال کے زمروں میں منعقد ہوئے، جن میں کبڈی، بیڈمنٹن، کھو کھو، والی بال، شطرنج اور ایتھلیٹکس جیسے کھیل شامل تھے۔ ان مقابلوں کے دوران لڑکیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انڈر 14 سالہ زمرے میں کھو کھو، کبڈی، والی بال اور بیڈمنٹن جیسے مقابلوں میں مڈل اسکول سیکلو، اعظم آباد، میران کہنو، کلر فتح پور جیسے اداروں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ایتھلیٹکس میں مجموعی فتح مڈل اسکول اعظم آباد کے نام رہی، جس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔وہیں انڈر 17 سالہ زمرے میں ہائی اسکول ساتھرہ نے کھیلوں کے بیشتر شعبوں جیسے کھو کھو، والی بال، کبڈی، شطرنج اور بیڈمنٹن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر میدان مار لیا، جبکہ ایتھلیٹکس میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔یہ تقریبات نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنیں بلکہ طالبات کو اعتماد، قیادت اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی فراہم کیا۔