عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// محکمہ تعلیم نے نو ساکشرتا ابھیان (بالغ خواندگی پروگرام) کے تحت فاؤنڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومریسی اسسمنٹ ٹیسٹ یا (فیلناٹ) کا کامیاب انعقاد کیا۔ یہ اقدام مرکزی حکومت کی سرپرستی میں ناخواندگی کے خاتمے اور بنیادی تعلیمی مہارتوں کو فروغ دینے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ زون تھنہ منڈی میں FLNAT کے دوسرے مرحلے کے لیے 26 امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں 509 سے زائد سیکھنے والوں نے امتحان میں شرکت کی۔ اس اقدام کا مقصد 15 سال اور اس سے زائد عمر کے ناخواندہ افراد کو بنیادی خواندگی، حسابی مہارتوں اور جماعت سوم کے نصاب کے مطابق تعلیمی استعداد فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے زون بھر میں خصوصی خواندگی کلاسز منعقد کی گئیں۔FLNAT کے دوسرے مرحلے کا مقصد سیکھنے والوں کی بنیادی پڑھنے، لکھنے اور حسابی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔ یہ امتحان قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کے تحت نافذ کردہ انڈرسٹینڈنگ آف لائف لانگ لرننگ فار آل یا (ULLAS) پروگرام کے تحت تعلیم بالغاں کیلئے ایک تربیتی پروگرام کے تعلیمی اثرات کی جانچ کے لئے ایک اہم قدم تھا۔ کامیاب امیدواروں کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (NIOS) کی جانب سے اسناد دی جائیں گی، جو ان کی بنیادی تعلیمی مہارتوں کے حصول کا اعتراف ہوگا۔ امتحان سے قبل سرکاری اساتذہ نے ناخواندگی کے مراکز کی نشاندہی کے لیے وسیع پیمانے پر سروے کیا، تاکہ مؤثر تعلیمی مداخلت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ، چیف ایجوکیشن آفیسر (CEO) راجوری، بشمبر داس کی ہدایت پر زون اور کلسٹر سطح پر مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے FLNAT امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ مزید برآں ڈائٹ راجوری کی مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی اس عمل کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا تھا، تاکہ امتحان کے مؤثر انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ زون تھنہ منڈی میں امتحان کے کامیاب انعقاد پر ZNO ULLAS، جناب سجاد احمد کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جنہوں نے تمام مراکز میں امتحان کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔ FLNAT کے کامیاب انعقاد سے علاقے میں بالغ خواندگی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کیا گیا ہے، جو افراد کو بنیادی تعلیمی مہارتوں سے آراستہ کر کے بھارت کے وسیع تر وڑن کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگا۔