سرینگر // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ لداخ خطے کو وادی کیساتھ پورا سال جوڑے رکھنے کیلئے زوجیلہ ٹنل کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہوگا۔کرگل میں طالبات کو سکوٹی تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران تقریب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر اور لداخ کو جوڑنے والی زوجیلہ ٹنل کو حتمی منظوری مل گئی ہے اور کام عنقریب شروع کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹنل کی تعمیر سے متعلق ضروری لوازمات مکمل ہونے کے بعد تعمیر کا کام شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت لداخ خطے کی تعمیر و ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہے تاکہ اس خطے کو دونوں اضلاع کو فائدہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اس خطے کی تعمیر و ترقی کی رفتار کی دیکھ ریکھ کررہی ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ریاست کے مختلف خطوں کے لوگوں کے درمیان مزید رابطے بڑھیں تاکہ آپس میں غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ مختلف خطوں کے طلباء کے درمیان رابطے استوار کریں تاکہ ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی پیدا ہوسکے۔