زوجیلا میں گاڑی پتھرکی زد میں آگئی ۔ 3اہل خانہ جاں بحق، 3زخمی

 غلام نبی رینہ

کنگن//مٹائن دراس سے کلن کنگن آرہی ایک آلٹو کار کو زوجیلا پر حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی گھر کے تین افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔ فو ہوئے افراد میں والدین اور انکا 12سالہ بیٹا شامل ہے۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مٹائن دراس سے کلن گنڈ کی طرف آرہی ایک آلٹو کار زیر نمبر JK01AH/8487 پر پانی متھہ زوجیلا کے مقام پر ایک بھاری برکم پتھر گرآیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی گھر کے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سونمرگ پولیس، مقامی لوگ اور طبی عملے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بچائو کارروائی شروع کردی۔ اس دوران دو افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ ایک خاتون کو شدید زخمی حالت میں پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی۔

 

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے ایک بچی کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد عید منانے کے لئے کلن گنڈ آرہے تھے ۔یہ افراد ان دیگر درجنوں کنبوں میں شامل ہیں جوموسم بہار میں 6 ماہ تک مٹائن میں رہائش پذیر ہوتے ہیں۔ فوت ہوئے افراد کی شناخت غلام محمد شیخ ولد غلام حسن شیخ ، ان کی اہلیہ سیدہ بیگم، ان کا فرزند 12 سالہ ذیشان ساکن مڈ پورہ کلن کے بطور ہوئی جبکہ رابعیہ جان ،سہیل احمد اورعبدالمجید بٹ ساکن مٹائن زخمی ہوگئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ ایک ہی گھر کے افراد تھے۔ جب ان کے موت کی خبر مٹائن اور مڈپوہ کلن میں پھیل گئی، تو وہاں کہرام مچ گیا۔ سونہ مرگ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر گذشتہ روز وڑر کنگن میں 21 سالہ شارخ احمد لون ولد نذیر احمد لون کی لاش پاور کنال کنگن سے برآمد کی گئی ہے ، کوپولیس نے قانونی لوازمات کے بعد لواحقین کے سپرد کردیا۔