غلام نبی رینہ +عازم جان
کنگن+بانڈی پورہ //رانگہ موڑ زوجیلا میں سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔زوجیلا سے سونہ مرگ کی طرف آرہی ایک سوئفٹ کار زیر نمبرDL9CN /3828رانگہ موڑ زوجیلا کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار افراد زخمی ہوئے۔ ان میں دو کی شناخت امتیاز احمد وانی ولد حبیب اللہ وانی اور سمیر احمد نجار ولد غلام نبی نجار ساکن اکہال کنگن کے طور پر ہوئی۔زخمیوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیاجہاں سمیر احمد نجار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ادھربانڈی پورہ کے حاجن علاقے کے بہارآباد گائوں میں اتوار کی صبح 58 سالہ شخص کو تیز رفتار گاڑی نے کچل کر ابدی نیند سلا دیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ غلام محمد ہرا بہارآباد مسجد سے فجر کی نماز پڑھ کر گھر واپس آرہا تھا، جب اسے پیچھے سے ا ٓرہی ایک تیز رفتار گاڑی نے زوردار ٹکر مار کر کچل دیا ۔ اسے خون میں لت پت ہسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔