سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ سلطانیہ ؒواقع کوہ ماراں اور آستان عالیہ حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہری ؒ ، نوشہرہ میں اپنی حاضری دیتے ہوئے کہا میں سبھی سیاسی ،سماجی اور دینی جماعتوں کو منت و سماجت کر کے اکٹھا کرنے کی کوشش کروں گا تاکہ اہل کشمیر کو موجودہ عذاب اور بے چینی کے دور اور دلدل سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر اس وقت نہایت نامساعد حالات اور ظلم وستم کے دور سے گزر رہے ہیں اور اس وقت بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے نوجوان پود کا مستقبل تاریک بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی درگاہیں ہمارے دلوں کے سکون اور اسلامی تہذیب و تمدن کے گہوارے رہیں ہیں اور ان درگاہوں پر اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی کے اور ایام عطا کئے تو میں اپنے وطن عزیز کشمیریوں کی خدمت کروں گاکیونکہ خدمت خلق بھی ایک عبادت ہے۔ ان زیارتگاہوں پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی دستاربندی بھی کی گئی ۔اس موقعے پر عالم اسلام کی سربلندی، فتح و نصرت اور عالم انسانیت کی بقا کے ساتھ ساتھ کے امن و امان اور ہند و پاک دوستی کیلئے دعا کی۔