پونچھ// پریڈ پارک پونچھ کے صدر دروازہ کے بالکل سامنے گندگی کا ڈھیرجمع ہے جس کی وجہ سے وہاں کے دوکانداراور راہگیر سخت پریشان ہیں ۔کئی دنوں سے اس مقام پرپڑے کچرے سے اب بد بو پیدا ہوگئی ہے جو دکانداروں اور رہگیروں کو پریشان کئے جاتی ہے ۔مجید احمد نامی دکاندار نے بتایا کہ کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے پیدا ہوئی بدبو جہاں ان کو سخت پریشان کر رہی ہے وہیں انہیں اس کی وجہ سے بیماریاں پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پورے ملک میں صفائی مہم چلائی جارہی ہے تو دوسری جانب زمینی سطح پر حال یہ ہے کہ کئی کئی دنوں تک قصبوں کی صفائی نہیں کی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتے بلکہ صرف چاہتے ہیں کہ گندگی کا ڈھیر اٹھاکر کہیں دور پھینکاجائے تاکہ انہیں بدبو سے نجات مل سکے ۔رابطہ کرنے پر میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر نے یقین دلایا کہ وہ چند ہی لمحوں میں محکمہ کے صفائی کرمچاریوں کو وہاں بھیج کر وہاں سے کچرا ہٹائیں گے۔