عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان میاں الطاف احمد نے پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے کالابن علاقے میں زمین دھنسنے سے متاثرہ خاندانوں کے لئے فوری ریلیف اور بازآبادکاری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔میاں الطاف نے کہا کہ کالابن علاقے میں زمین دھنسنے کی حالیہ صورتحال نے بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر کیا ہے جہاں پچھلے چند دنوں کے دوران درجنوں رہائشی مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس لینڈ سلائیڈ نے کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ دو درجن سے زیادہ مکانات پوری طرح تباہ ہوئے ہیں جبکہ 15 سے 20 کے قریب مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ پورا علاقہ غیر محفوظ ہو چکا ہے۔‘‘میاں الطاف نے مزید کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف مقامی آبادی میں خوف و ہراس کا سبب بنا ہے بلکہ دیہاتیوں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان سے بھی دوچار کر گیا ہے۔ متاثرین نے نہ صرف سینکڑوں کنال زمین کھوئی ہے بلکہ درجنوں ڈھانچے بھی منہدم ہو گئے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور جو لوگ محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے ہیں انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کو ان متاثرہ کنبوں کی مستقل بازآبادکاری کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔میاں الطاف نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ کالابن علاقے میں ماہرین کی ایک ٹیم روانہ کرے تاکہ زمین دھنسنے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے اور مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچنے کے لئے تدارکی اقدامات کئے جا سکیں۔