سرینگر//فریڈم پارٹی،سالویشن مومنٹ ،ووئس آف وکٹمز،مسلم کانفرنس ، محاز آزادی ،ا نٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ، تحریک استقامت اور مسلم خواتین مرکزنے گمشدہ افراد کے عالمی دن پرلاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی تحریک کے دوران ہزاروں افرادکو لاپتہ کیا گیا جن کے لواحقین یہ حق رکھتے ہیں کہ انہیں اصل حقائق سے باخبر کیا جائے۔فریڈم پارٹی ترجمان نے اسے صدی کا المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان گمشدہ افراد کے لواحقین ایک نہ ختم ہونے والے عذاب میں مبتلا ہیں ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بازیابی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد اور بے نام قبروں میں دفن لوگوں کے اصل حقائق سے کشمیری قوم اور ان افراد کے لواحقین کو معلومات فراہم نہ کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرﺅف خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں گمشدہ افراد کے لواحقین آج بھی اپنے لخت جگروں کی راہ دیکھ رہے ہیں اوراس انتظار میں نہ جانے کتنے باپ اورکتنی مائیں اس غم سے نڈھال ہوکر دنیا سے رخصت ہو گئے۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ،ا نٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے ایک مشترکہ بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو انصاف دلانے میں اپنا اخلاقی فرض نبھائیں۔