پٹنہ// بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے آئینی ریزرویشن نظام کے تعلق سے ان دنوں جاری سیاست پر آج سخت الفاظ میں کہا کہ زمین پر کسی میں بھی اتنی طاقت نہیں کہ وہ ریزرویشن ختم کردے ۔مسٹر کمار نے ڈاکٹربھیم راو امبیڈکر کی 127ویں سالگرہ پر یہاں مولانا مظہرالحق آڈیٹوریم میں جنتادل (یو) کی طرف سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر امبیڈکر نے کمزور طبقہ کے لئے آئین میں ریزرویشن کی گنجائش رکھی ہے اور اسے زمین پر ایسی کوئی طاقت نہیں ہے جو ختم کردے ۔ انہوں نے کہاکہ اب نئی نسل کے لوگوں میں بھی ڈاکٹر امبیڈکرکے تئیں دلچسپی پیدا ہوئی ہے یہ اچھی بات ہے ۔وزیراعلی نے کہاکہ ہم لوگوں کے خیالات گاندھی، عوامی ہیرو کرپوری ٹھاکر، لوہیا، جے پی اور ڈاکٹر امبیڈکر کے خیالات سے متاثر رہے ہیں۔ ان کے خیالات کو زمین پر اتارنا پارٹی کا عزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار کی فکر نہیں کرتے لوگوں کی فکر کرتے ہیں۔ اقتدار رہے یا جائے بنیادی اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہ کیا ہے اور نہ ہی کروں گا۔یو این آئی ۔