عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کرائم برانچ نے زمین فروخت کے بہانے 1.55 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے والے 8 ملزمان کے خلاف تین علیحدہ کیسز میں چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی ہے۔ یہ زمین پہلے ہی دیگر افراد کو فروخت کی جا چکی تھی۔ شکایت کنندگان ترسم سنگھ چب (سابق حوالدار)، پنکج شرما (فوجی اہلکار)، اور سنجے چودھری نے تحریری شکایات درج کروائی تھیں، جن میں ملزمان پر جموں کے مختلف علاقوں میں زمین فروخت کرنے کے بہانے فراڈ اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ کرائم برانچ نے مکمل تحقیقات کے بعد عدالت میں تین علیحدہ چالان پیش کیے ہیں۔ تمام آٹھ ملزمان ضلع جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ تحقیقات کے دوران کرائم برانچ نے دستاویزی اور زبانی شواہد جمع کیے، فارنزک سائنس لیبارٹری سے ماہرین کی رائے حاصل کی، اور سائنسی طریقہ کار سے کیسز کو ثابت کیا۔ ملزمان نے شکایت کنندگان کو دھوکہ دے کر بڑی رقم وصول کی، جس سے خود کو ناجائز فائدہ اور شکایت کنندگان کو نقصان پہنچایا۔ ایس ایس پی کرائم جموں، بینم توش نے تصدیق کی کہ کیسز ایف آئی آر نمبر 40/19، 45/2024، اور 58/2022 کے تحت متعلقہ دفعات میں چالان عدالت میں پیش کیے گئے ہیں، اور ان کا عدالتی فیصلہ زیر التوا ہے۔