بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے لاہی پورہ آلوسہ علاقہ میں اتوار کو زمین تنازعہ پر دو کنبوں کے درمیان ہوئی لڑائی کے دوران ایک 65 سالہ شخص کی موت واقع ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں کنبوں کے درمیان کافی وقت سے یہ تنازعہ چل رہا تھا اور اتوار کی صبح فریقین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ۔فریقین نے ہاتھوںمیں لوہے کی سلاخیں اور ڈنڈوں سے ایک دوسرے پرحملے کئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ لڑائی کے دوران ایک کنبے کے کسی فرد نے ہاتھ میں لوہے کی سلاخ سے دوسرے کنبے کے 65سالہ بزرگ حاجی عبدالرحمان ولد محمد سلطان ڈار پرحملہ کیا ، جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص موقعہ پر ہی بیہوش ہوکر گر پڑا اور اُس کی موت واقعہ ہوئی ۔ پولیس نے جائے واقع پر پہنچ کر مقتول حاجی عبدالرحمان کی نعش اپنی تحویل میں لینے کے بعد اسپتال میں اُس کا پوسٹ مارٹم کرایا اورباضابطہ ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔