سرینگر // جموں و کشمیر زمیندار بچاﺅ فورم کی جانب سے جمعہ کو سرینگر میں ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کسانوں کودرپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور ریاستی حکومت سے کسانوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی گئی۔ سمینار کے دوران کسانوں نے تمام بیجوںکی فراہمی کم سے کم قیمت اور کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ تقریب سے کسان بچاﺅ فورم کے صدر ملک عبدالحمید نے کہا کہ کسانوں کی درپیش مشکلات کی طرف حکومت عدم دلچپسی کا اظہار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی کم سے کم قیمت ، قرضہ جات کی معافی، سرکاری سطح پر منڈیاں قائم کرنا، کسانوں کوکم سود پر قرضہ فراہم کرنا لازمی بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو نئے قرضہ جات فراہم کرکے ہی وادی میں کھیتی باڈی کو بحال کیا جاسکتا ہے اور کسانوں کو ہوئے نقصان کی تلافی کی جاسکتی ہے اور کسی کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت خاصکر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر خزانہ حسیب درابو سے اپیل کی ہے کہ وہ کسانوں کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے جلد سے جلد اقدامات اٹھائیں۔