ٹاؤنسول//آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بدھ کے روز مشل اسٹارک (3 وکٹ) اور ایڈم زمپا (3 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت زمبابوے کو شکست دے کر سیریز میں دو۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور اسٹارک نے انوسنٹ کائیا (02)، تادیوناشے مارومانی (04) اور ویسلے مادھویرے (نیل) کو آؤٹ کرکے زمبابوے کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کردیا۔ شان ولیمز نے 29 (45) کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن زمپا نے ان کے ساتھ لیوک جونگوے (01) اور بریڈ ایونز (02) کی وکٹیں لے کر زمبابوے کی اننگز کو 96 رنز پر سمیٹ دیا۔ اس کے علاوہ سکندر رضا نے بھی 37 گیندوں پر 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسٹارک اور زمپا کے ساتھ ساتھ کیمرون گرین نے دووکٹ جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے 97 رنز کا ہدف صرف 14.4 اوورز میں آسانی سے حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (13) اور ایرون فنچ (01) جلد آؤٹ ہوئے لیکن اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری کی ناٹ آوٹ 84 رنز کی شراکت سے آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ اسمتھ نے 41 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے جبکہ ایلکس کیری نے 33 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے ۔ مشل سٹارک کو ان کی خطرناک گیندبازی کے لئے مین آف دی میچ دیا گیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے اور اب زمبابوے کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں ہفتہ کو ٹونی آئرلینڈ اسٹیڈیم میں مقابلہ کرے گی۔