عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//زراعت کے وزیر جاوید احمد ڈار نے وادی کشمیر میں زعفران کی کاشت کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ۔ موسمیاتی دبا ئوسے نمٹنے کے لیے تخفیف کی حکمت عملیوں، یقینی آبپاشی کی سہولتوں کے لیے اقدامات، معیاری زعفران کی کھیت کی دستیابی اور زعفران کے کھیتوں کو متاثر کرنے والے جنگلی جانوروں کے حملوں کا انتظام سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی۔میٹنگ کے دوران جاوید ڈار نے زعفران کی فصل کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زعفران کو کشمیر کی زراعت کا سنہری ورثہ قرار دیا اور یقین دلایا کہ پیداواری صلاحیت، معیار اور بازار سے تعلق کو بہتر بنانے کے لیے کاشتکاروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا’’ہمارا زعفران صرف ایک فصل نہیں بلکہ کشمیر کی شناخت کا ایک عالمی برانڈ ہے۔ حکومت اس کے تحفظ، فروغ اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے‘‘۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زعفران کے ہر کسان کو مختلف محکمانہ اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ کیا جائے اور فیلڈ لیول کے افسران ان اقدامات کے فوائد حاصل کرنے میں کاشتکاروں کی فعال طور پر مدد کریں۔