جموں //گورنر این این ووہرا جو کہ زرعی یونیورسٹی جموں کے چانسلر بھی ہیں کی صدارت میں آج یہاں راج بھون میں یونیورسٹی کی 16ویں کونسل میٹنگ منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ اور یونیورسٹی کی پروچانسلر محبوبہ مفتی اور زراعت کے وزیر غلام نبی لون نے بھی شرکت کی۔یونیورسٹی کو پانچ سال ( نومبر 2016 سے نومبر 2021) تک ایکریڈیشن ملنے اور تحقیق پر مبنی زرعی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے آئی سی اے آر کی جانب سے بیسٹ سینٹر ایوارڈ دئیے جانے کے لئے چانسلر اور پروچانسلر نے یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر پردیپ کے شرما کو مبار ک باد دی۔چانسلر نے ہدایت دی کہ فائنانشل کمشنر زرعی پیداوار ، فائنانشل کمشنر منصوبہ بندی اور وائس چانسلر پر مبنی ایک جوائنٹ کمیٹی قائم کی جانی چاہئے تاکہ زرعی اعداد و شمار جمع کرنے کے عمل پر نظر ثانی کی جاسکے۔چانسلر نے وی سی کو ہدایت دی کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباءکی جانب سے چنے جانے والے مضامین کو ٹریک کرنے کے لئے ایک میکانزم ترتیب دیا جانا چاہئے تاکہ اُن کی پڑھائی جاب مارکیٹ میں اُن کے لئے سود مند ثابت ہو۔کونسل نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور تحقیقی سائنسدانوں کی ترقیوں کےلئے کیئریر ایڈوانسمنٹ سکیم کے ساتھ ساتھ اکیڈیمک پرفارمنس انڈیکیٹر کو منظور ی دی جس کو یکم جنوری 2011ءسے نافذ العمل مانا جائے گا تاہم ترقی اور تقرری کے مستحق اساتذہ اور سائنسدان یا جن کو یکم جنوری 2009ءسے سی اے ایس کے تحت پہلے ترقی دی گئی ہے یا تقرری عمل میں لائی گئی ہے کو 30 جون 2010ءکو جاری یوجی سی ضابطوں کے تحت لایا جائے گا۔کونسل نے سال 2015-16 کے لئے یونیورسٹی کے سالانہ رپورٹ کو اپنایا۔اس سے قبل ڈاکٹر پردیپ کے شرمانے یونیورسٹی میں جاری مختلف سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے دستخط کئے گئے مفاہمت ناموں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت یونیورسٹی میں 44.33کروڑ روپے مالیت کے بیرونی تعاون والے 124 تحقیقی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔وائس چانسلر نے کونسل کو سانبہ میں کرشی وگیان کیندر کے قیام اور ضلع ریاسی کے تلواڑہ میں قائم کئے جانے والے آرگانک ٹریننگ سینٹر کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آڈیٹوریم کے کام کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ انٹرنیشنل گیسٹ ہاوس کو مئی 2017ءکے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔وائس چانسلر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی اور کرشی وگیان کیندر جموں صوبہ کے کسانوں کو ضروری تربیت فراہم کرتے ہیں ۔انہوںنے کونسل کو یونیورسٹی کی جانب سے سانبہ ضلع کے باری کھڈ اور مین چاڈکن دیہات میں دردست لئے گئے انٹر پرینور شِپ ڈیولپمنٹ پروگرام کے بارے میں جانکاری دی جہاں بے روزگار نوجوانوںکو زرعی سیکٹرمیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تربیت دی جارہی ہے۔میٹنگ میں زرعی پیداوار محکمہ کے فائنانشل کمشنر کمار جین ، منصوبہ بندی کے فائنانشل کمشنر بی بی ویاس ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، زرعی یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد ،کمشنر فائنانس نوین چودھری اور زرعی یونیورسٹی جموں کے رجسٹرار دلیپ کاچرو بھی موجود تھے۔