آر ایس پورہ میں میگا کیمپ،شیلندر کماراوربلدیو پرکاش کی شرکت
سرینگر//جموں کشمیر بنک نے ’گھر گھر کے سی سی ابھیان‘ کے تحت جموں اور کشمیر میں 100 فیصدکسان کریڈٹ کارڈحاصل کرنے کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پورے یوٹی میں مختلف کیمپ لگائے۔ مہم کے ایک حصے کے طور پر بینک کے ایم ڈی اور سی ای او بلدیو پرکاش نے ہفتہ کو آر ایس پورہ، جموں میں ایک میگا کیمپ کا دورہ کیا جس کے ساتھ پرنسپل سکریٹری برائے حکومت محکمہ زراعت، شیلندر کمارتھے۔
کسانوں کے ایک بڑے اجتماع پر مشتمل اس کیمپ میں سی جی ایم نبارڈ بھلامودی سریدھر، بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا، جنرل منیجرز آشوتوش سرین، سنیت کمار، ڈائریکٹر زراعت (جموں) رام سیوک، ڈی جی ایمز راجیش دوبے اور ونود شرما کے علاوہ افسران نے بھی شرکت کی۔ شیلندر کمارنے مختلف اسکیموں کے تحت فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بناتے ہوئے کسانوں میں زرعی کاروبار کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا’’کاشتکاروں کو زرعی کھیتی سے ایک قدم آگے بڑھ کر کاروبار کی طرف بڑھنے اور ملک بھر میں جاری زرعی تبدیلی میں حصہ لینے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ حکومت کا ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (HADP) بھی یہاں کے زرعی منظر نامے میں انقلاب لانے اور اگلے پانچ سالوں میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا حصہ ہے‘‘۔ ایم ڈی اور سی ای او بلدیو پرکاش نے زرعی معیشت کی تبدیلی میں مالی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کسانوں کے لیے غیر متزلزل حمایت کی ضرورت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا’’جے اینڈ کے بینک جموں و کشمیر کی معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے جس میں زراعت ایک اہم جز ہے۔ ہم’گھر گھر کے سی سی ابھیان‘ کو مشن موڈ میں نافذ کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے کسانوں کو آسانی سے سستی مالی سہولیات تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہو اور ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک کے سی سی کی 100 فیصدسیچوریٹیشن حاصل نہیں ہو جاتی‘‘۔