جموں//پرنسپل سیکرٹری زراعت و باغبانی ، پشو و بھیڑ پالن اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ایک میٹنگ کے دوران زراعت اور باغبانی شعبوں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔میٹنگ کے دوران افسروں نے انہیں مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت اور حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہیں بتایا گیا کہ12.89 کروڑ روپے کی رقم ایم آئی ڈی سکیم کے تحت واگذار کی گئی ہے اور متعلقہ چیف ہارٹی کلچر افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ یہ رقم جلد از جلد صرف کریں۔انہیں بتایا گیا کہ مرکزی معاونت والی سکیم کے تحت سکاسٹ جموں کو2.25 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی ہے تا کہ اسے بڑھاوا دیا جاسکے۔علاوہ ازیں پی ایم ڈی پی کے تحت باقی ماندہ16 کروڑ روپے کو بھی فوری طور سے صرف کیا جارہا ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک کسانوں کی بہبود کے لئے75 کروڑروپے واگذار کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر سامون نے باغبانی محکمہ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ جموں صوبے میں بھی ہارٹی کلچر سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے لازمی اقدامات کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے زراعت محکمہ کے اعلیٰ افسروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ التواء میں پڑے تمام معاملات کو حل کرنے کے لئے لازمی اقدامات کریں تا کہ ان سکیموں کے فوائد کسانوں تک پہنچ سکیں۔انہوں نے مختلف سکیموں کے تحت مختص رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں محکمہ زراعت، باغبانی اور کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔