سرینگر//’’زرعی اراضی کے غیر زرعی استعمال اور اس کے تباہ کن اثرات‘‘سے متعلق لال منڈی میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ایک روزہ آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح قائم مقام ڈویژنل کمشنر کشمیر وڈی سی سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ زرعی اراضی کوغیر زرعی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کے کافی نقصان ہیں اور اس عمل سے ماحولیاتی نظام میں عدم توازن پیدا ہو جائے گااور اس کی تبدیلی ہماری غذائیت کے تحفظ اور معاشی استحکام کیلئے سب سے بڑی پریشانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑا چیلنج ہے جس کا سامنا اس وقت پوری دنیا کو ہے اور اس کافوری طور ازالہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر شاہد نے یقین دلایا کہ محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کو صوبائی انتظامیہ اس کی روکتھام کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور ایسے افراد کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ زرعی اراضی کو غیر زرعی مقصد میں تبدیل کرنے اور گھنے جنگلات کے احاطہ میں سخت کمی سے انسانیت کو بیک وقت خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قوم کے ہر باشعور شہری کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کے لئے بھی زمین کے وسائل کا تحفظ کرے۔