جموں // حکومت نے ریاست میں زرعی اراضی میں کمی واقعہ ہونے کا اعتراف کیا ہے تاہم اس کیلئے بڑھتی آبادی ، شہری رجحان ،صنعتوں ، سڑکوں کی کشادگی ، ریل نیٹ ورک اور زمین کی غیر تصدیق شدہ تبدیلی جیسے عوامل کو وجوہات قرار دیا ہے ۔قانون ساز کونسل میں پی ڈی پی کے ممبر سرندر کمار چودھری کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر برائے زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ حکومت نے زرعی اراضی کو غیر ررعی مقاصد کے استعمال میںلانے سے بچنے کیلئے ایل اے بل نمبر 15آف 2011ایکٹ 2011لایا تاہم یہ بل سلیکٹ کمیٹی کو ریفر کیا گیا ہے ۔وزیر کے مطابق اس حوالے سے موجودہ قوانین پر بھی عمل کیا جا رہا ہے ۔سوال کے دوسرے حصہ کے جواب میں وزیر موصوف نے بتایا کہ قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں کے ممبران پر مشتمل سلیکٹ کمیٹی بنائی گئی ہے تاکہ زرعی اراضی کو غیر زرعی یا تجارتی مقاصد کے استعمال میں لانے سے متعلق بل پر غور کیا جا سکے اور اس بل کو واپس ریاستی قانون سازیہ میں دوبارہ پیش کیا جاسکے ۔