کرگل//مرکزی سیکرٹری برائے زراعت ، کواپریٹو اور کسان بہبود ایس کے پٹنائک نے لداخ کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی پروجیکٹوں اور زراعت و اس سے منسلک شعبوں میں عملائی جا رہی سکیموں کا جائیزہ لیا ۔ اُن کے ہمراہ پرنسپل سیکریٹری زراعت سندیپ کمار نائک اور ناظم زراعت سید الطاف اعجاز اندرابی بھی تھے ۔ مرکزی سیکریٹری نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر کاچو احمد علی خان کے ساتھ ملاقات کی جس میں زرعی شعبے کی مختلف سکیموں کو زیر بحث لایا گیا ۔ مرکزی سیکرٹری نے متعلقہ افسروں پر زوردیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فصلوں کی پیداوار اور پیداواریت بڑھانے کے امکانات تلاش کریں ۔ پٹنائک نے پشکن فارم کرگل کا دورہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ بعد میں مرکزی سیکرٹری نے سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ ڈاکٹر سونم داوا کے ساتھ بھی ملاقات کی اور کئی زرعی پروجیکٹوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر متعلقہ افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ مرکزی سیکرٹری نے افسروں سے کہا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اہداف حاصل کرنے کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی مرکزی وزارت خطے میں زرعی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کیلئے ہر ممکن مدد دے گی ۔