سرینگر//محکمہ زراعت میں تعینات عارضی ملازمین نے دھمکی دی ہے کہ اگر22ستمبر تک انکے مطالبات پرکوئی پیش رفت نہیں ہوئی،تو24 ستمبر کو وہ اہل خانہ سمیت ناظم زراعت کے دفتر کا گھیرائو اور تمام سیڈ(بیج) فارموں کو مقفل کریں گے۔محکمہ ایگری کلچر میں تعینات عارضی ملازمین نے منگل کو پرتاب پارک میں دھرنا دیتے ہوئے احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے محکمہ کے افسران کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حقوق پر شب خون مارا جا رہا ہے۔اس موقعہ پر ایگری کلچرکیجول لیبرس،ڈیلی ویجرس اور نیڈ بیس یونین کے صدر محمد یوسف وانی نے کہا کہ محکمہ نے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے دستاویزات کو حتمی شکل دینے کیلئے(تفصیلات و کوائف جمع کرنے کیلئے)4رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا تھااور اسے10دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی،تاہم20دن گزرجانے کے باوجود ابھی تک کیجول ملازمین کے دستاویزات کی کوئی بھی جانچ عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ2برسوں سے انکی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں۔عارضی ملازمین نے دھمکی دی کہ اگر سنیچر تک انکی مستقلی پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو پیر کو وہ لال منڈی میںڈائریکٹر ایگری کلچر کے دفتر کا گھیرائو کریں گے اور اہل و عیال سمیت سڑکوں پر آئے گے،جبکہ تمام سیڈ فارموں کو بھی مقفل کیا جائے گا۔