عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں زراعت کا شعبہ نہ صرف معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے بلکہ خطے کی ثقافت اور شناخت کا بھی مرکز ہے جبکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کا مستقبل نوجوان سائنسدانوں کے ہاتھ میں ہے۔سکاسٹ کے 6ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ 70 فیصد سے زیادہ آبادی براہ راست یا بالواسطہ طور پر زراعت سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں زراعت کی تبدیلی کے لیے رہنمائی کرنے والا وژن شیخ محمد عبداللہ کے نظریات میں پیوست ہے اور آج ہر لیب اور لیکچر ہال میں اس کا اظہار ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے معتدل باغبانی کی تحقیق، اونچائی والے علاقوں میں پائیدار کاشتکاری، مویشی پالنے اور نامیاتی زرعی طریقوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ “گریجویٹ صرف ڈگری ہولڈر نہیں ہیں بلکہ نچلی سطح پر مسائل حل کرنے والے بن رہے ہیں”۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل کی زراعت کل کے چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے ترقی اور مواقع کی تلاش میں نوجوان نسل کی امنگوں کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی، زمین کی تنزلی اور مارکیٹ کے اتار چڑھا کو بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے متعدد ڈیٹا پر مبنی اصلاحاتی پروگرام شروع کیے ہیں جن کا مقصد زمینی سطح پر حقیقی تبدیلی کو حاصل کرنا ہے اور مجموعی زراعت کی ترقی کا پروگرام اس کوشش کی بنیادوں میں سے ایک ہے۔”یہ پروگرام، 5,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ، زراعت کو ایک اعلی قدر اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے شعبے میں تبدیل کرنے کے لیے سائنس، فنانس اور گورننس کو اکٹھا کرتا ہے”۔وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت کئی محاذوں پر سائنسدانوں، کاروباری افراد اور کسانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جن میں پریزین فارمنگ، ڈیری جدید کاری اور پوسٹ ہاروسٹ پروسیسنگ شامل ہیں۔ “29 بڑے منصوبوں کی حمایت کی جا رہی ہے، جن میں اعلیٰ کثافت والے سیب اور اخروٹ کے باغات، بھیڑ پالنے والے کلسٹرز، زعفران کی بحالی، اور زرعی کاروبار کے نئے ماڈل شامل ہیں”۔انہوں نے گریجویٹس کو بتایا کہ یہ ان کا میدان اور ان کا موقع ہے۔ “حکومت کا مشن نوجوان امنگوں کو بااختیار بنانا ہے اور اس نے پہلے ہی فوڈ پروسیسنگ، ایگری ٹیک، ڈیری اور باغبانی میں سینکڑوں اسٹارٹ اپس کے لیے سپورٹ شروع کر دی ہے۔ گریجویٹس کو مدد ملے گی اگر وہ آئیڈیاز اور کاروباری منصوبوں کے ساتھ آگے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں قیادت کرنے کا حوصلہ ہے تو حکومت ان کے لیے پلیٹ فارم بنائے گی۔ انہوں نے گریجویٹس کو تبدیلی کا نیا مشعل راہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مٹی میں جڑے رہیں اور اپنی سرزمین اور لوگوں کو کبھی فراموش نہ کریں۔ “چاہے وہ بنگلورو جائیں یا کسی اور جگہ، انہیں اپنے دلوں میں جموں و کشمیر کو لے کر جانا چاہئے، انہیں ایک پرامن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔”