عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//محکمہ زرعی پیداوار و بہبودِ کساناں ضلع اننت ناگ نے ایس ایم اے ای۔اے ٹی ایم اے 2025-26 ء سکیم کے تحت ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں ایک کسان میلہ کم ایگزبشن کا انعقاد کیا ۔ پروگرام کا افتتاح وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی وپنچایتی راج، اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے کیا۔وزیر موصوف نے کسان میلوں اور نمائشوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقاریب کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور آلات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ حکومت کی جانب سے ایسے مزید پروگرام ضلع بھر اور جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ کسان جدید طریقوں سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کسانوں کے لئے مختلف سکیموں کے تحت دستیاب 50 فیصد سے زائد سبسڈی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ ایک خوشحال اور امید افزا شعبہ ہے جو ترقی، روزگار اور دیرپا معاش کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کو اوّلین ترجیح دے رہی ہے اور کسانوں کی آمدنی، پیداوار اور مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیر جاوید ڈار نے خطے میں ماہی پروری، تیل دار اجناس، پھل و سبزیاں اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں جیسے مکھی پالن، مشروم کی کاشت اور پھولوں کی کاشت میں موجود مواقع کی نشاندہی کی جو کسانوں کو آمدنی میں اضافہ اوردیرپا روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔نمائش میں باغبانی، ماہی پروری، مویشی پروری، بھیڑ بکری پالن، اِمدادِ باہمی، محنت و روزگار جیسے متعلقہ محکموں نے معلوماتی سٹال لگائے جہاں ان کی سکیموں اور خدمات کی نمائش کی گئی۔