راجوری+مینڈھر// پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر سرحد پار سے گولہ باری کا سلسلہ بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا۔ گولہ باری میں ایک شہری کے زخمی ہوا جبکہمنگل کو نوشہرہ سیکٹر میں زخمی ہونے والا فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔ وزارت دفاع کے ترجما ن نے بتایا ’پاکستانی فوجیوں نے بدھ کی صبح آٹھ بجکر 45 منٹ پر پونچھ کے بمبر گلی سیکٹر میں ایل او سی پر ہلکی ، خودکار اور مارٹروں سے شدید گولہ باری کا آغاز کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی جوان سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ دریں اثنا پاکستانی فوجیوں نے پونچھ کے سوجیاں سیکٹر میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں احمد راجا نامی ایک عام شہری زخمی ہوگیا ہے۔ ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں گذشتہ چار دنوں کے دوران دو فوجی اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ سیکٹر میں ضلع مجسٹریٹ راجوری کے احکامات پر تمام اسکول بند رکھے گئے ہیں۔اس دورانمنگل کو راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے کلسیاں علاقے میں سرحد پار کی شیلنگ سے سپاہی جسپریت سنگھ نامی فوجی اہلکار ہلاک ہوا تھا۔اسی سیکٹر میں کلال کے مقام پر گولی باری کی زد میں آکر فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او)ششی کمار شدید طور پر زخمی ہوا تھا۔اسے راجوری کے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ذرائع کے مطابق وہ بدھوار کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ بالاکوٹ سیکٹر کے سندوٹ نامی گائوں میں 20سالہ احمد رضا ولد عبدالحمید زخمی ہوگیا جسے علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ کے بعدراجوری کے بھمبر گلی اور نوشہرہ سیکٹروں میں سرحد پار سے فائرنگ اور مارٹر گولے داغے گئے۔ذرائع کے مطابق مجموعی طور پونچھ اور راجوری اضلاع میں بالاکوٹ، دھار، راجدھانی، منکوٹ،سندوٹ اور دیگر کئی علاقے گولی باری کی زد میں آئے اور کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی شیلنگ اس قدر زوردار تھی کہ مارٹر گولے بھارتی حدود میں کافی اندر تک گر کر پھٹ گئے جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔