سرینگر //سول لائنز کے ریگل چوک میں کل اس وقت ہنگامہ ہوا جب بی جے پی کے ایک بلاک صدر نے مبینہ طور ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس کے آفیسر کی مارپیٹ کی اور اس کی وردی پھاڑ نے کی کوشش کی ۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیاجب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ریگل چوک میں سفید رنگ کی ایک گاڑی زیر نمبر/4040 JK01L میں سوار افراد کو غلط جگہ گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جس پر گاڑی میں سوار بی جے پی کا بلاک صدر بانڈی پورہ آگ بگولہ ہوا اور ٹریفک اہلکاروں کو کھری کھری سنائی ۔ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹرنے بی جے پی بلاک صدر کو گاڑی غلط جگہ کھڑا کرنے پر چالان کرنے کی کوشش کی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بی جے پی کے بلاک صدر نے ٹریفک پولیس سب انسپکٹر کو دھمکانے کی کوشش کی تاہم مذکورہ سب انسپکٹر نے قانون کے مطابق چالان کرنے کی کوشش کی جس پر بی جے پی کا بلاک صدر آپے سے باہر ہوگیا اور سب انسپکٹر کی مارپیٹ کی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مذکورہ پولیس افسر نے بی جے پی لیڈر کو بتایا’ ابھی370باقی ہے اور میں غنڈہ گردی نہیں کرنے دوںگا ‘‘اور گاڑی ضبط کی۔مذکورہ سب انسپکٹرنے معاملے کو ایس ایس پی ٹریفک سرینگر سرگن شکلا کی نوٹس میں لایا۔ سرگن شکلا نے کشمیرعظمی کو بتایا ’’ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیںکیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں سارے معاملے کا پتہ لگایا جارہا ہے اور مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کیلئے تین گواہوں کی ضرورت ہے جبکہ ابتک صرف 2ہی گواہ سامنے آئے ہیں۔