عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تحصیل درہال کے عوامی حلقے اس وقت شدید اضطراب کا شکار ہیں جب کہ ریکی باں ملہت پل، جو گزشتہ ایک سال سے توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا، مکمل ہونے کے باوجود تاحال عوام کے لئے نہیں کھولا گیا۔ محکمہ تعمیرات عامہ اور ٹھیکیدار کی انتھک محنت سے یہ پل دو ماہ قبل مکمل ہو چکا ہے، تاہم اس کی عدم دستیابی نے علاقے کی تقریباً پانچ پنچایتوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔اس سلسلے میں معروف سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس پل کو فوری طور پر عوام کے لئے کھولا جائے تاکہ مقامی آبادی کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ پل کھول دیا جائے تو درہال کی زیر تعمیر سڑک کے باعث پیدا شدہ مسائل کا متبادل راستہ فراہم ہو سکتا ہے، جو کہ سینکڑوں افراد کے لئے راحت کا سبب بنے گا۔ مرتضیٰ مرزا نے مزید کہا کہ نہ صرف عام شہری بلکہ سیکورٹی فورسز کو بھی اس پل کی اشد ضرورت ہے، جنہیں روزانہ دریائی راستے سے گزرنا پڑتا ہے، جو کہ نہایت خطرناک اور تکلیف دہ ہے۔ علاقہ مکینوں نے بھی متعلقہ حکام بالخصوص ڈپٹی کمشنر راجوری سے پرزور اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد اور علاقائی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکی باں ملہت پل کو فی الفور پبلک کے لئے کھولا جائے تاکہ روزمرہ کی زندگی میں سہولت آ سکے اور لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔