۔ 50کلو میٹر رفتار سے تیز ہوائیں چلیں،سیاحوں کی کشتی الٹ گئی،کئی درخت اکھڑ گئے
سرینگر// وادی کشمیر میں گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا اور پیر کو وادی کے تقریباً ہر علاقے میں تیز آندھی اور شدید بارشیں ہوئیں۔بارشیں ہونے سے اہل وادی نے طویل انتظار کے بعد گرمی کی شدت سے راحت محسوس کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل گرمی نے 72سالہ ریکارڈ توڑ دیا جب درجہ حرارت 37.4درج کیا گیا۔اسکے علاوہ شبانہ درجہ حرارت نے بھی 50سالہ ریکارڈ توڑ دیا جب درجہ حرارت 25.2ریکارڈ ہوا۔سرینگر شہر کے کئی حصوں میں پیر کی سہ پہر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے گاڑیوں اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔دوپہر کی بارش اور ژالہ باری نے ضلع کے کئی جنوبی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جب کہ تیز ہوائوں نے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سرینگر کے سونہ وار علاقے میں بی بی کینٹ کے قریب پیر کے روز ایک درخت اکھڑ جانے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ تیز ہوائوں سے ایک درخت اکھڑ گیا جو ای رکشہ زیر رجسٹریشن نمبر JK01AV-1587 پر گرگیا، جس سے تین افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ادھرسرینگر کے کچھ حصوں میں تیز بارش اور ایک مختصر آندھی کے طوفان کے بعد پیر کی شام ڈل جھیل میں متعدد کشتیاں الٹنے کے بعد کم از کم 12 سیاحوں کو بچا لیا گیا۔ یہ واقعہ جھیل کے نہرو پارک علاقے کے قریب پیش آیا جہاں سیاحوں کی کشتیاں خراب موسم میں پھنس گئیں۔ تیز ہوائوں اور موسلا دھار بارش کے باعث کئی کشتیاں الٹ گئیں۔ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اورکوئیک ری ایکشن ٹیم نے تمام 12 سیاحوں کو بغیر کسی زخم کے کامیابی سے بچا لیا گیا۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے قریب 5بجے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ اگلے تین گھنٹوں کے دوران کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ نے کہا تھا کہ چند مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے جس سے سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گر سکتے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ شمالی کشمیر،کوکر ناگ،پیر پنچال رینج، گاندربل سونہ مرگ بال تل رینج اور امرناتھ گھپا،جموں، سانبہ، ریاسی، رام بن اور ادہم پور میں درمیانی درجے کی بارش یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ نے یہ بھی کہا تھا کہ کچھ جگہوں پر 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔شہر سرینگر میں چھانہ پورہ علاقے میں تقریباً 30منٹ تک تیز ہوائیں چلیں اور طوفانی بارشیں ہوئیں۔آناً فاناً سڑکیں تالاب بن گئیں اور صورتحال اس قدر دگر گوں ہوگئی کہ گاڑیاں چلنی بند ہوگئیں اور کوئی بھی سڑکوں پر دکھائی نہیں دینے لگا۔ تیز ہوائوں اور بارش کیساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ 6بجے کے بعد رام باغ سے جہانگیر چوک تک بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، جو کافی دیر جاری رہا۔ اسکے بعد شہر کے پائیں علاقوں میں بارشوں کا ہلکا سلسلہ شروع ہوا۔ شام کے بعد شہر سرینگر کے سبھی علاقوں میں کہیں زیادہ تو کہیں ہلکی بارشیں ہوئیں ۔شہر سرینگر کے پائین علاقوں میں قہر انگیز آندھی کیساتھ ساتھ تیز بارشیں ہوئیں ۔گاندربل میں تیز ہوائوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ ترال میں شام دیر گئے ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں البتہ شمالی کشمیر میں گرمی کا زور برقرار رہا۔ تاہم سوپور میں بڑی تیز بارش اور تیز ہوائیں بھی چلیں۔ماگام، بیروہ اور بڈگام میں بھی تیز آندھی چلی اور ژالہ باری بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کو سرینگر کا درجہ حرارت 34.9درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں 30.2،گلمرگ 24.0،کپوارہ 35.2 اورجموںمیں 34.4 دگری ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال 11جولائی تک اسی طرح کا موسم رہے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شدت کی بارشیں یا ہوائیں نہیں چلی گئیں۔ انکا کہنا تھا کہ صبح یا شام کے وقت ہلکی بارشیں ہونگیں لیکن 11سے 14جولائی تک ایک بار پھر گرمی کا زور رہے گا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ فی الحال کچھ دنوں کیلئے دن کا درجہ حرارت 29سے 31ڈگری رہے گا۔