سرینگر//انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی ریاستی شاخ نے بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کے اشتراک سے سرینگر میں رضاکاروں کے لئے پانچ دِن کے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں انہیں فسٹ ایڈ کے بنیادی اصولوں کے بارے میں تربیت دی گئی۔انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی ریاستی شاخ کے جنرل سیکرٹری ایم ایس راتھر نے اس تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا اور آئی سی آر سی کے ارکان اور رضاکاروں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد ریاست بھر کے رضاکاروں کو لازمی تربیت دی جائے تاکہ وہ ناگہانی آفات اور ایمرجنسی حالات سے نمٹنے میں مؤثر رول ادا کرسکیں۔اس موقعہ پر نیوز لینڈ سے تعلق رکھنے والی علاقائی ہیلتھ ایڈوائزر فلیسٹی گیپس نے رضاکاروں کو تربیت دی۔دیگر لوگوں کے علاوہ اس موقعہ پر ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر اتندر پال سنگھ بالی ، ہیلتھ کوآڈنیٹر آئی سی آر سی منیش موہن اور کچھ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔