سرینگر//ریڈ کراس کے عالمی دن پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے سوموار کو سرینگر کے کوٹھی باغ گرلز سکول میں’’ غم نام کہانیاں‘‘ کے موضوع پر مباحثے اور خون کے عطیہ کے کیمپ کاانعقادکیا گیا جس میں وادی کے مختلف کالجوں اور سکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا جبکہ تقریب کے دوران بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم کے تحت بچیوں میں سکولی بیگ بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقعہ پرریڈکراس سوسائٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر نصرت اندرابی، جنرل سیکریٹری آئی آر سی ایس محمد شفیع راتھر، پرنسپل گورنمنٹ گرلز سکول کوٹھی باغ رومانہ قاضی کے علاوہ دیگرمہمانوں، طلبہ اور رضاکاربھی موجود تھے ۔ جبکہ نیشنل ریڈ کرانس سوسائٹی کے ممبر علی محمد میر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شمولیت کی ۔علی محمد میر نے اس موقعہ پر کہا کہ انڈین ریڈکراس سوسائٹی پچھلے کئی دہائیوں سے لوگوں کی بے لوث خدمت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ اور مصیبت زدہ لوگوں کی مالی اور دیگر امداد کیلئے ہمیشہ سے ہی تیار رہتے ہیں۔ ریڈکراس سو سائٹی کے جنرل سیکریٹری محمد شفیع راتھر نے اس دوران سال 2016کے دوران ریڈکراس سو سائٹی کا خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016کے دوران ریجنل ریڈ کراس سوسائٹی نے 2275زخمیوں کا علاج کیا جبکہ 33خون کے عطیہ کیمپوں میں کل 2673پوئنٹ خون جمع کرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران 2871غریب مریضوں کا علاج و معالجہ بھی کیا گیا ۔ انہوں نے تمام تعلیمی اداروں میں ریڈ کراس یونٹ قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ تقریب کے حاشے پر خون کے عطیہ کا کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس میں طلبہ و رضاکاروں نے50پوئنٹ خون کا عطیہ کیا۔ اس موقعہ پر ریڈکراس سوسائٹی کے ماسٹر ٹرینر کو بھی انعام سے نوازا گیا جبکہ تقریب پر ریڈکراس سوسائٹی کی سیکریٹری ڈاکٹر نصرف اندرابی بھی موجود تھی۔