محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن بانہال کے چاپناڑی علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک کالے ریچھ کے حملہ میں ایک خاتون شدید طور سے زخمی ہو گئی ہے اور مقامی لوگوں نے زخمی خاتون کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا جہاں سے اسے خصوصی علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ زخمی خاتون کی شناخت زینب بیگم زوجہ محمد امین ساکن ککڑ پورہ / ٹھکر پورہ چاپناڑی بانہال کے طور کی گئی ہے۔انچارج وائلڈ لائف کنٹرول روم بانہال نجم الدین نائیک نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خاتون اپنے گھر کے قریب مکئی کے کھیتوں سے راجماش کی پھلیاں چن رہی تھی کہ ایک اچانک وہاں نمودار ہوئے کالے ریچھ نے اس پر حملہ کردیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے اسے تشویشناک حالت میں بانہال ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے جی ایم سی اننت ناگ ریفر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے سے خبریں ہیں کہ ٹھجرپورہ ، ککڑ پورہ اور چاپناڑی کے علاقوں میں نصف درجن کے قریب کالے ریچھ پچھلے کئی دنوں سے گھوم رہے ہیں اور انہیں بھگانے اور مزید حملوں کو روکنے کیلئے وائلڈ لائف کی ایک ٹیم کو علاقے میں بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی خاتون کی مالی مدد کیلئے ضروری کاغذی لوازمات تیار کرکے وائلڈ لائف محکمہ کے اعلیٰ حکام کو بھیج دی جائے گی۔