محمد تسکین
بانہال // بانہال کے چنجلو گاؤں میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک عمر رسیدہ خاتون زخمی ہوگئی جسے سب ضلع ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔زخمی خاتون کی شناخت خدیجہ بیگم زوجہ غلام محمد زوہدہ ساکنہ چنجلو بانہال کے طور کی گئی اور اس کی عمر قریب 68 سال بتائی جاتی ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک اہلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا یہ واقعہ دوپہر تقریباً 3 بجے اسوقت پیش آیا جب یہ خاتون نائیک پورہ چنجلو میں اپنے گھر کے قریب سے چل رہی تھی کہ وہاں ایک کالا ریچھ نمودار ہوا اور خاتون پر حملہ آور ہوگیا۔ خدیجہ بیگم کی آوازیں سنکر آس پاس کے کے لوگوں بچاؤ کیلئے دوڑ پڑے اور لوگوں کو آتا دیکھ کر ریچھ وہاں سے بھاگ گیا ۔ مقامی لوگوں نے زخمی خاتون کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ بھیج دیا ۔ وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ بانہال سے محکمہ جنگلی حیات کی ایک ٹیم کو موقع پر پہنچا دیا گیا اور ریچھ کو تلاش کرنے اور اسے گاؤں سے واپس جنگلاتی علاقے میں بھگانے کے لیے تلاشی مہم شروع کی گئی۔