رینبو ٹراؤٹ فش فارمنگ منافع بخش کاروبار

Mir Ajaz
2 Min Read

عظمیٰ نیوز ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے کئی اضلاع میں کسان اب ٹراوٹ فش یا ٹراوٹ مچھلی کی فارمنگ کر رہے ہیں، جو ان کے لیے بہت زیادہ منافع بخش ثابت ہو رہی ہے۔ کوکرناگ ’فشریز فارم‘ سے رینبو ٹراوٹ حاصل کرتے ہیں۔چیف پروجیکٹ افسر کے مطابق سال 2023 میں سیلز سینٹر سے فروخت شدہ رینبو ٹراوٹ مچھلی سے محکمہ کو 2 کروڑ 75 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔

 

رواں برس یہ ہدف 3 کروڑ تک پہنچنے کی امید ہے۔کوکرناگ میں واقع اس ٹرواٹ بریڈنگ سینٹر میں سالانہ 18 سے 20 خواہش مند افراد کو چھ ماہ کا تربیتی کورس بھی کرایا جاتا ہے۔یہی نہیں بلکہ کشمیر یونیورسٹی سے پروفیسرز اور طلبہ یہاں ریسرچ کے لئے بھی آتے ہیں۔اس ٹراوٹ ریئرنگ یونٹ سے ملک کی کئی ریاستوں اور بیرونی ممالک کو رینبو ٹراوٹ مچھلیوں کے انڈے برآمد کئے جاتے ہیں۔گزشتہ برس ٹراوٹ مچھلیوں کے 7 لاکھ انڈے اروناچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ اور بھوٹان برآمد کئے گئے ہیں۔ جس سے محکمہ کو 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں اس وقت کل 37 ٹراوٹ ریئرنگ سینٹرز ہیں۔ جہاں رینبو اور براون ٹراوٹ مچھلی کی بریڈنگ کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ رینبو ٹراؤٹ ایک انتہائی منافع بخش مچھلی ہے جو وزن میں تین کلو گرام تک بڑھ سکتی ہے اور 500 روپے فی کلو میں فروخت ہوتی ہے۔اس کے انڈے دو روپے فی عدد فروخت ہوتے ہیں۔ رینبو ٹراؤٹس عام طور پر نیلے، سبز ، پیلے اور چاندی کے رنگ کے ہوتے ہیں اور قوس قزاح کی طرح چمکتے ہیں۔اس لیے اس کا نام قوس قزاح ٹروٹ یا رینبو ٹراوٹ(Rainbow Trout) رکھا گیا ہے۔

Share This Article