عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سونہ مرگ کے ریل پتھری علاقے میں ایک یاتری کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے بڑے پیمانے پر تلاش مہم شروع کر دی ہے۔ لاپتہ شخص کی شناخت سریندر پال ولد گین چند اروڑا ساکن لدھیانہ کے طور پر کی گئی ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ چشمہ پوائنٹ، ریل پتھری کے نزدیک ایک نالے میں گر گیا ہے۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر آرمڈ پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، انڈو تبت بارڈر پولیس اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مسلسل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ایس ڈی آر ایف کا کہنا ہے کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور جدید ریسکیو آلات کے ساتھ علاقے میں چھان بین کی جا رہی ہے۔ نالے کے بہائو، چٹانی راستے اور پہاڑی خطے کی وجہ سے سرچ آپریشن کو مشکلات درپیش ہیں، تاہم ٹیمیں پوری مستعدی کے ساتھ یاتری کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ریل پتھری، جو امرناتھ یاترا کے دوران اہم راستوں میں شمار ہوتا ہے، ہر سال ہزاروں یاتریوں کی آمد کا مشاہدہ کرتا ہے۔