سرینگر// ریل حکام نے احتیاطی طور پر جمعہ کو ریل سروس معطل رکھی۔شمالی کشمیر ریلوے کے چیف ایریا منیجر اے کے جین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ہم نے جمعہ کوتمام روٹوں پر چلنی والی ٹرینوں کو ایک دن کیلئے معطل رکھا۔انہوں نے کہا کہ وسطی کشمیر میں سرینگر اور بانہال کے درمیان جبکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ سمیت پلوامہ،اسلام آباد اور قاضی گنڈ روٹوں پر چلنی والی سبھی ٹرینوں کو سیکورٹی وجوہات کہ بنا پر معطل کیا گیا ۔شمالی کشمیر ریل ویز کے چیف کنٹرولر نے بتایا کہ ریل حکام کی جانب سے سروس کو معطل نہیں کیا جاتا ہے بلکہ سول انتظامیہ کے احکامات پر ہی ریل سروس کو معطل کیا جاتا ہے جس کے لئے پولیس ریل حکام کو باضابطہ طور تحریری حکم نامہ بھی جاری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سنیچر کو ٹرین سروس کو اسی وقت بحال کیا جائے گا جب امن وقانون کی صورتحال بہتر ہوگی ۔