ڈورو+بانہال // بانہال بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ایک ریل گاڑی کے انجن میں دھواں نمودار ہونے کے بعد اسے قاضی گنڈ کے نزدیک ہنگامی حالات میں روک دیا گیا اور بعدمیں تکنیکی خرابی کو دور کرکے ریل کو بانہال پہنچایا گیا ۔ریل سے دھواں نکلنے اور اسے اچانک روکنے کی وجہ سے مسافروں میں سراسمیگی پھیل گئی اور بیشتر مسافر ریل سے باہر آئے تاہم کچھ وقت بعد حالات معمول پر آگئے ۔ ریلوے ذزرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بانہال کی طرف آنے والی ریل کا فرنٹ انجن گرم ہونے کی وجہ سے دھواں نمودار ہوا اور ریل کو قاضی گنڈ کے نزدیک ہنگامی طور روکا گیا۔ذرائع نے کہا کہ یہ معمول کا واقع تھا جو انجن کے ہیٹ اپ ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ذرائع نے کہا کہ اس سے ریل گاڑی کچھ وقت کیلئے روکی گئی اور بعد میں چیک اپ اور کچھ وقفے تک آرام دینے کے بعد ریل سروس کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔واقعہ سے ریل سروس کے معمول پر کوئی اثر نہیں پڑا اور ریل سروس معمول کی طرح جاری رہی ۔واضح رہے کہ بانہال اور بڈگام بارہمولہ کے درمیان روزانہ 22ریل گاڑیاں چلتی ہیں اور ہزاروں مسافر روزانہ ریل سروس کو استعمال کرتے ہیں ۔