عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ریلوے نے مسافروں کیلئے رائونڈ ٹرپ پیکیج اسکیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت 20فیصد چھوٹ ملے گی۔ یہ منصوبہ فی الحال تجرباتی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا تاکہ اس کے اثر اور مسافروں کے ردعمل کا جائزہ لیا جاسکے۔ریلوے نے تہواروں کے سیزن میں بھیڑ پر قابو پانے اور مسافروں کو بہتر سہولت دینے کیلئے رائونڈ ٹرپ پیکیج اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت جو مسافر اپنی ریٹرن جرنی طے وقت کے اندر بک کریں گے، انہیں ریٹرن ٹکٹ کی بنیاد پر کرایہ پر 20فیصد کی چھوٹ ملے گی۔یہ منصوبہ 14اگست 2025 سے شروع ہوگا۔ اس کے تحت پہلے سفر کا ٹکٹ 13اکتوبر 2025سے 26اکتوبر 2025کے درمیان کیلئے بک کرنا ہوگا، اس کے بعد واپسی کا ٹکٹ 17 نومبر 2025سے یکم دسمبر 2025کے درمیان کی تاریخ کیلئے کنکٹنگ جرنی فیچر کے ذریعہ بک کیا جا سکے گا۔اس منصوبہ میں تبھی چھوٹ ملے گی جب دونوں طرف کا ٹکٹ ایک ہی مسافر کے نام سے ہو۔ ریٹرن ٹکٹ کی بکنگ کے لیے ایڈوانس ریزرویشن پیریڈ نافذ نہیں ہوگا۔