عظمیٰ نیوزسروس
جموں//شمالی ریلوے نے پیر کے روز جموں اور کٹرا کے درمیان شٹل سروس شروع کی تاکہ مقامی لوگوں اور بارش و طغیانی کے سبب پھنسے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ یہ شٹل سروس یکم ستمبر سے 15ستمبر تک جاری رہے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق، چار ٹرینوں کو جموں-کٹرا سیکشن میں تعینات کیا گیا ہے جو روزانہ مسافروں، سرکاری ملازمین، طلباء اور بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کے ساتھ ساتھ پھنسے ہوئے یاتریوں کو بھی اپنی منزل تک پہنچائیں گی۔ واضح رہے کہ 26اگست کو شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے بعد پٹھانکوٹ-جموں سیکشن میں کئی مقامات پر پٹریوں کی خرابی اور زمین کھسکنے کے سبب گزشتہ ایک ہفتے سے جموں ریلوے ڈویژن میں ٹریفک معطل رہا۔ صرف پیر کو ہی 5سے زائد ٹرینیں منسوخ کرنی پڑیں۔ ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ چار دنوں کے دوران خصوصی ٹرینیں بھی چلائیں جن کے ذریعے 5,784پھنسے ہوئے مسافروں کو جموں سے ان کی منزلوں کی طرف روانہ کیا گیا۔ شدید بارش اور طغیانی کے باعث ریلوے اور سڑک ٹریفک بری طرح متاثر ہوا تھا جبکہ بڑی تعداد میں یاتری کٹرا اور دیگر مقامات پر پھنس کر رہ گئے تھے ۔