عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//2030 تک ریلوے میں کاربن کے اخراج کو صفر کردینے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے جمعہ کو مودی حکومت نے ہندوستانی ریلویز اور یونائٹیڈ اسٹیٹس فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ / انڈیا(یوسیڈ/ انڈیا) کے ساتھ مفاہمت نامے کو منظوری دے دی۔ اس کے تحت سالانہ 60 ملین ٹن کاربن کا اخراج کم کرنے کا ہدف طے کیاگیاہے۔ اس کیلئے ہندوستانی ریلویز نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں جن میں ایسی نئی ٹیکنالوجی کا استعمال جس میں توانائی کا استعمال کم سے کم ہو شامل ہے۔
اس کے علاوہ ’ہیڈ آن جنریشن ‘ ٹیکنالوجی کے استعمال نیزریلوے کے ڈبوں میں ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال نیز توانائی بچانے والے (پانچ اسٹار والے) الیکٹرک آلات لگاکربجلی کی کھپت کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینی میٹنگ میں معاہدہ مفاہمت کو منظوری دی گئی۔ اس معاہدہ مفاہمت پر دستخط 14 جون 2023کو ہوئے تھے جس کا مقصد ریلوے میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔اس سے قبل یوسیڈ/ انڈیااور ہندوستانی ریلوے کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں ہی تمام ریلوے پلیٹ فارمز کی چھتوں سے شمسی توانائی کے حصول کیلئے پینل لگانے کا فیصلہ کیاگیاتھا۔ امید ہے کہ ا س سے بڑی مقدار میں بجلی کی ضرورت پوری کی جاسکے گی۔