محمد تسکین
بانہال// بانہال ریلوے سٹیشن پر ایک مقامی وین ڈرائیور محمد اشرف کی حاضری دماغی کی وجہ سے دو خواتین جیب کتروں کی طرف سے لوٹے گئے ایک بزرگ شخص کو رقم لوٹائی گئی ہے تاہم دونوں خواتین ریلوے سٹیشن سے فرار ہوکر قصبہ بانہال کی طرف بھاگ جانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ریلوے سٹیشن بانہال کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر بعد ایک بزرگ شہری بارہمولہ سے بانہال تک ریل گاڑی میں سفر کر رہا تھا کہ بانہال ریلوے سٹیشن بانہال کے سومو سٹینڈ پر پہنچتے ہی اس بزرگ شہری نے اپنی جیب میں رکھی پانچ ہزار روپئے کی رقم غائب پائی اور اس نے رونا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام منظر ایک وین ڈرائیور محمد اشرف دور سے دیکھ رہا تھا اور اس نے پایا کہ ریل سے اتری دو خواتین نے جب دیکھا کہ بزرگ شہری نے لٹنے کی روداد ریلوے حکام ، ریلوے پولیس اور لوگوں کو سنانا شروع کر دی تو دونوں خواتین جو ریل گاڑی سے ہی بانہال پہنچی تھیں نے ریلوے سٹیشن کے سومو سٹینڈ میں جانے کے بجائے واپسی کی راہ لی اور وہ غیر روایتی راستے سے بانہال قصبہ کی طرف نکلنے کی کوشش میں لگ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے بھاگنے کا منظر دیکھ کر وین ڈرائیور محمد اشرف نے دونوں خواتین کا پیچھا کرنا شروع کر دیا اور تھوڑی دوری کے بعد دو میں سے ایک خاتون کو وین ڈرائیور محمد اشرف نے دھر دبوچ کر اس سے ساڑھے چھ ہزار روپئے کی رقم برآمد کر لی۔ انہوں نے کہا کہ موقع پر حالات کی نزاکت اور ریلوے حکام کیطرف سے جیب کتروں کے بارے میں اعلان سننے کے بعد دونوں خواتین قصبہ بانہال کی طرف نکل بھاگیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹے گئے بزرگ نے بتایا کہ یہ دونوںخواتیں بارہمولہ سے ہی ریل میں اس کے ساتھ سفر کر رہی تھیں اور موقع ملتے ہی انہوں نے بزرگ شہری کے علم میں آئے بغیر ہی اس کی جیب کاٹ لی۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری نے کہا کہ اس کے صرف پانچ ہزار روپئے اڑا لئے گئے ہیں جبکہ خواتین سے ساڑھے چھ ہزار روپئے کی رقم برآمد کی گئی تھی۔ ریلوے پولیس حکام نے برآمد کی گئی ساڑھے چھ ہزار روپئے کی رقم میں سے چھ ہزار روپئے کی رقم بزرگ شہری کو دے دی جبکہ پانچ سو روپئے کی رقم وین ڈرائیور محمد اشرف کو انعام کے طور دی گئی۔ بعد میں ریلوے پولیس ، بانہال پولیس اور وین ڈرائیور کی طرف سے فرار ہوئی ان خواتین کو ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ریلوے حکام نے لوگوں کو ریلوے سفر کے دوران جیب کتروں سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی ہے ۔