عظمیٰ نیوز سروس
چندی گڑھ//پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں ریلائنس نے ریاست میں ایک جامع دس نکاتی امدادی کارروائی کوشروع کیا ہے۔ ریاستی انتظامیہ، پنچایتوں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرتے ہوئے، ٹیمیں زمین پر موجود ہیں جو خاص طور پر امرتسر اور سلطان پور لودھی کے سب سے زیادہ متاثرہ دیہاتوں میں فوری ریلیف لے رہی ہیں۔ریلائنس انڈسٹریز کے ڈائریکٹر اننت امبانی نے کہا’’ دکھ کی اس گھڑی میںہم پنجاب کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ پورا ریلائنس خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔کھانا، پانی، شیلٹر کٹ اور لوگوں اور جانوروں دونوں کی دیکھ بھال فراہم کررہے ہیں۔ یہ دس نکاتی منصوبہ ہمارے گہرے یقین کی عکاسی کرتا ہے ۔ ہم اس مشکل وقت میں مضبوط پنجاب کیلئے پرعزم ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ریلائنس کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ، محکمہ حیوانات، اور مقامی پنچایتوں کے ساتھ قریبی تال میل میں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں تاکہ بحالی کے درمیانی مدت کے اقدامات کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے فوری، جان بچانے والی مدد فراہم کی جا سکے۔ جیو پنجاب کی ٹیم نے این ڈی آر ایف ٹیموں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نیٹ ورک کو بحال کرنے کے لیے انتھک محنت کی، جس سے ریاست بھر میں 100 فیصد قابل بھروسہ رابطے کو یقینی بنایا گیا۔