عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی اپنی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کودنیا کی 10 سر فہرست کمپنیوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بہر حال اس کیلئے کوئی وقت طے نہیںکیا ہے ۔ واضح رہے کہ ریلائنس انڈسٹریز جسے دھیرو بھائی امبانی نے 1957 میں قائم کیا تھا، فارچون گلوبل 500 کمپنیوںکی فہرست میں88 ویں نمبر پر ہے۔مکیش امبانی کاکہنا ہے کہ ان کی قیادت میں ریلائنس گروپ کبھی بھی مطمئن نہیں ہوگا اور یہ دنیا کے ٹاپ10 کاروباری گھرانوں کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ رکیں نہ تھکیں گے ،ریلائنس دنیا کی ٹاپ 10 کمپنیوں میں شامل ہوگی۔گروپ نے کچھ ہی سالوں میں دنیا کے سب سے بڑے آئل ریفائننگ کمپلیکس سے ملک کے سب سے بڑے موبائل نیٹ ورک آپریٹر تک کا کاروبار کھڑا کیا ہے۔گروپ کے بانی دھیرو بھائی امبانی کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ‘ریلائنس فیملی ڈے’ پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ریلائنس اب ڈیجیٹل ڈیٹا پلیٹ فارمز اور آرٹی فیشیل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو اپنانے میں عالمی کمپنیوں کے درمیان اپنی جگہ مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کاروبار کیلئے گھریلو اور عالمی ماحول کافی تیزی سے بدل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلائنس کو متواتر اختراعات اور نئی دریافت کے ذریعے مارکیٹ میں تبدیلی کیلئے جانا جاتا ہے ۔ممبئی میں ایک چھوٹے سے کلاتھ مینوفیکچرنگ یونٹ کے ساتھ شروع کرتے ہوئے ریلائنس نے ‘بیک وَرڈ انٹیگریشن’ کیا اور اس نے پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں قدم رکھا اور ملک کا سب سے بڑا پروڈیوسر بن گیا۔ اس کے بعد اس نے ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری قائم کی اور اس کو دنیا کے سب سے بڑے آئل ریفائننگ کمپلیکس میں پھیلا دیا۔‘بیک وَرڈ انٹیگریشن’ میں ایک کمپنی سپلائی چین میں شامل کاروبار سے وابستہ کاموں کو پورا کرنے کے لئے اپنے کردار کو وسیع کرتی ہے۔