محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی شام تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو جزوی طور بحال کیا گیا تھا اور ہفتے کی صبح سے شاہراہ معمول کے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔ ہفتے کی صبح سے بحال کیا گیا ٹریفک رام بن ، کیلا موڑ اور ڈگڈول کے سیکٹر میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کا شکار رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جمعہ شام کو کیفٹریا موڑ ، ترشول موڑ ، کیلا موڑ اور ماروگ کے مقام بارشوں کے نتیجے میں گر آئی پسیوں سے بند شاہراہ کو بحال کیا گیا تھا اور درماندہ ٹریفک کو ہفتے کی صبح تک نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح جموں اور سرینگر مسافر بردار گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ دوپہر بعد دو بجے سے ٹرکوں اور خالی ٹینکروں کو قاضی گنڈ سے جموں کی طرف چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے کئی مقامات پر خراب اور یکطرفہ ہونے کی وجہ سے رام بن اور رامسو کے درمیان ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی رفتار سست روی کا شکار رہی ۔ انہوں نے کہا کہ موسم ابر آلود ہے اور اتوار کے روز شاہراہ کا سفر شروع کرنے سے پہلے مسافروں اور گاڑی والوں کو موسم اور شاہراہ کے حوالے سے جانکاری لینا چاہیے ۔