یواین آئی
میکسیکو سٹی/میکسیکن ریفری مارکو انٹونیو اورٹیز ناوا کو ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی سے آٹوگراف مانگنا مہنگا پڑ گیا۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میکسیکن ریفری کو لیونل میسی سے آٹوگراف مانگنے پر کنفیڈریشن آف نارتھ، سینٹرل امریکا اینڈ کیریبیئن ایسوسی ایشن فٹ بال کی جانب سے 6ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کونکاکاف چیمپئنز کپ کے دوران 19 فروری کو انٹر میامی اور اسپورٹنگ کنساس سٹی کے درمیان میچ کھیلا گیا، جسے انٹر میامی نے ایک -صفر سے جیت لیا۔ اس میچ کے بعد میکسیکن ریفری نے قریبی معذور رشتے دار کے لیے ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر سے آٹوگراف کی درخواست کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کونکاکاف نے اس صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ میکسیکن ریفری کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے ، جسے ریفری نے تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی، تاہم اسے 6 ماہ کی پابندی کا سامنا ہے ۔