سرینگر/ /وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریشی بازار اننت ناگ میں حال ہی میں آگ کی ایک واردات سے متاثرین میں امداد تقسیم کی ۔ اس واردات میں 20اور21؍نومبر کی درمیانی رات کو 30 سے زائد تجارتی ڈھانچے اور مکانات خاکستر ہوئے تھے۔ اس امداد میں مکمل طور تباہ ہوئے ڈھانچے کے مالکان کے لئے 50ہزار روپے ، شدید طور تباہ ہوئے ڈھانچے کے مالکا ن کے لئے 30ہزار روپے جبکہ جزوی طور تباہ ہوئے ڈھانچے کے مالکان کے لئے فی کس 25ہزار روپے شامل تھے ۔ یہ اس امداد کے علاوہ ہے جو اِن متاثرین کو پہلے ہی وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ضلع انتظامیہ نے ریڈکراس ، ایس ڈی آر ایف اور دیگر مدوں کے تحت دی تھی۔ متاثرین کے ایک گروپ کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی باز آباد کاری کے لئے حکومت کے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔محبوبہ مفتی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات جس میں انشورنس دعوئوں کا از سر نو جائزہ لینے ، عمارتی لکڑی اور دیگر تعمیراتی مواد دستیاب کرانا شامل ہے ،پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا تاکہ یہ متاثرین اپنے ڈھانچے پھر سے کھڑا کرسکیں۔