اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ میںریشم کے کیڑوں میں بیماریوں کے سدباب کرنے کے موضوع پر محکمہ سریکلچر کے دفتر میں ایک تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ یہ پروگرام سنٹرل سلک بورڈ (سی ایس بی)کی جانب سے قومی مہم’میرا ریشم میراابھیان‘کے تحت منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر پوون سینی( سائنسداں-ڈی) سنٹرل سریکلچرل ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پانپور نے کسانوں کو چار اہم بیماریوںکے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بیماریاں کس طرح پیدا ہوتی ہیں، ان کی پہچان کے کیا طریقے ہیں اور ان کے سائنسی انسداد کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ صحت مند ریشم کی پیداوار ممکن ہو سکے۔کپوارہ میں سریکلچر اسسٹنٹ عبدالرشید ملک نے کسانوں کو مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں شہتوت کے پودے فراہم کرنا، ریشم کے کیڑوں کی پرورش کیلئے شیڈ تعمیر کرنا، جدید آلات و ادویات دینا اور غنچہ ابریشم کی قیمتوں کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔اسی طرح ہندوارہ کے سریکلچر اسسٹنٹ مشتاق احمد نے کسانوں کو پرورش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا تاکہ نقصان کم سے کم ہو اور غنچہ ابریشم کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔مزید برآں، سی ایس بی پانپور کے سینئر فیلڈ اسسٹنٹ منیر یوسف اطہر نے کسانوں کو ریشم کی کاشت کو ذریعہ معاش اپنانے کی ترغیب دی۔